بدھ, مئی 7, 2025

پنجاب میں جھلسا دینے والی گرمی، بارش کی خوشخبری آگئی!

لاہور:پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لپیٹ میں آئے شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے موسم خوشگوار ہونے کی نوید سنا دی ہے۔ گرمی سے ستائے افراد کے لیے محکمہ کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان پیدا ہوگیا ہے، جو آئندہ گھنٹوں میں موسم کا مزاج بدل دے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت پنجاب میں بادلوں کا سسٹم موجود ہے، تاہم دوپہر تک بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آج شام کے وقت لاہور اور گردونواح میں بارش متوقع ہے، جو نہ صرف درجہ حرارت میں کمی لائے گی بلکہ گرمی سے پریشان شہریوں کے چہروں پر خوشی بھی بکھیر دے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آج رات سے لے کر کل صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ تاہم کل دوپہر کے بعد دوبارہ موسم خشک اور درجہ حرارت میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آسکتا ہے۔

آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کے اس مختصر سلسلے سے شہریوں کو وقتی ریلیف ضرور ملے گا، تاہم گرمی کی شدت میں کمی مستقل نہیں ہوگی اور چند گھنٹوں کے وقفے کے بعد ایک بار پھر گرمی کا راج قائم رہنے کا امکان ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش کی صورت میں احتیاطی تدابیر اپنائیں اور دوبارہ گرمی کی واپسی کے پیش نظر مناسب حفاظتی اقدامات جاری رکھیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب