پاکستان کے وفاقی وزیرِ دفاع، خواجہ آصف، نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران ایک طنزیہ ویڈیو شیئر کر کے بھارت کو واضح پیغام دیا۔ انہوں نے 1966 کی مشہور مغربی فلم “The Good, the Bad and the Ugly” کا ایک کلپ اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پوسٹ کیا، جس میں دو کرداروں کو بھارت اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں بھارتی کردار پستول لے کر پاکستانی کردار کے پاس آتا ہے اور کہتا ہے، “میں تمہیں طویل عرصے سے تلاش کر رہا تھا، اور آخر کار تم مل ہی گئے۔” جواباً، پاکستانی کردار بلا جھجھک گولی چلا دیتا ہے اور کہتا ہے، “جب گولی مارنی ہو تو مار دو، باتیں نہ کرو۔”
خواجہ آصف نے اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا، “کسی تبصرے کی ضرورت نہیں۔” ان کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا اور اسے بھارت کے لیے ایک مضبوط پیغام قرار دیا۔