اتوار, جون 15, 2025

آذربائیجان کے قومی دن اور یوم تکبیر کے حوالے سے مشترکہ تقریب کا انعقاد، چوہدری شافع حسین کی آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس لاہور خصوصی آمد

آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس لاہور میں خصوصی تقریب کا انعقاد، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے تاریخی قومی ایام کو نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ایک جانب آذربائیجان کے یومِ آزادی کا جشن تھا، تو دوسری طرف پاکستان کے یومِ تکبیر کی قومی اہمیت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تھے، جنہوں نے آذربائیجان کے قومی دن اور پاکستان کے ایٹمی دفاع کی سالگرہ کی مناسبت سے دونوں ممالک کے پرچموں کی کشائی کی اور خصوصی کیک کاٹا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ دلی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں۔


چوہدری شافع حسین نے یومِ تکبیر کی مناسبت سے کہا کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جب ملک نے پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بن کر نہ صرف دشمنوں کو واضح پیغام دیا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اُنہوں نے افواجِ پاکستان کی بہادری، دلیری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ جذبہ ہے جو آج بھی قوم کو متحد رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آذربائیجان نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، خاص طور پر بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران اور آرمینیا کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ کر چکا ہے، جبکہ تجارتی وفود کا تبادلہ جلد متوقع ہے۔ سیاحت، آئل ریفائنری، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور آذربائیجان کے ساتھ ان شعبوں میں اشتراک مزید وسعت اختیار کرے گا۔

تقریب میں آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس کے صدر عدیل شجاع بٹ، سی ای او عرفان شجاع بٹ، سرپرست اعلیٰ عدنان شجاع بٹ، حافظ عثمان، افضل خان، میاں امتیاز اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہا اور مستقبل میں مزید استحکام کی امید ظاہر کی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب