بھارت کی جانب سے حالیہ حملوں کے بعد، پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے آج، بدھ 7 مئی 2025 کو بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ یہ فیصلہ طلباء، اساتذہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ راولپنڈی ہائیر ایجوکیشن بورڈ نے بھی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق آج ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اور میٹرک کے پریکٹیکلز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ تاہم، انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کل ہونے والے امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔