جمعہ, مئی 30, 2025

سونا بن گیا خواب! قیمت میں ایک اور بڑا اضافہ

کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ منگل کو بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 61 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 3,377 ڈالر کی نئی بلند سطح پر پہنچ گئی۔

اس بین الاقوامی اضافے کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی نظر آئے، جہاں 24 قیراط سونے کی قیمت فی تولہ 6,100 روپے کے اضافے کے ساتھ 356,100 روپے تک جا پہنچی۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 5,232 روپے کا اضافہ ہوا جو اب 305,300 روپے کی سطح پر ہے۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی تولہ چاندی 57 روپے مہنگی ہو کر 3,482 روپے ہو گئی، جبکہ دس گرام چاندی کی قیمت 22 روپے کے اضافے کے ساتھ 2,985 روپے تک پہنچ گئی۔

ماہرین معاشیات کے مطابق یہ اضافہ ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی سیاسی و اقتصادی عدم استحکام اور مقامی سطح پر مہنگائی کے رجحانات کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سونے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

تجارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ شادیوں کے سیزن کے باوجود سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے خریداروں کو مایوس کیا ہے۔ صرافہ مارکیٹ کے تاجروں کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ آنے والے دنوں میں جاری رہ سکتا ہے، جس سے زیورات کی صنعت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ چھوٹے سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ موجودہ صورتحال میں سونے میں بڑی سرمایہ کاری سے گریز کریں اور دیگر محفوظ ذرائع پر غور کریں۔ انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے مناسب اقدامات کرے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب