آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے، جن کے نتیجے میں 26 بے گناہ شہری جاں بحق اور 46 زخمی ہوئے۔ حملوں کا نشانہ عبادت گاہیں اور رہائشی علاقے بنے، جن میں احمد پور شرقیہ، مریدکے، مظفرآباد، سیالکوٹ اور شکر گڑھ شامل ہیں۔
احمد پور میں مسجد پر حملے میں 13 افراد، مریدکے میں 3 افراد، اور مظفرآباد میں مزید 3 شہری شہید ہوئے۔ ترجمان کے مطابق یہ حملے بھارت کی انتہاپسندی اور اقلیت دشمنی کی عکاسی کرتے ہیں۔
پاکستانی افواج نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے، جن میں رافیل اور مگ شامل تھے، اور ایک ڈرون بھی تباہ کیا گیا۔ یہ کارروائیاں جموں، سری نگر اور بھٹنڈہ کے علاقوں میں کی گئیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کر رہا ہے، جس کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے تمام دفاعی نظام اور فضائیہ مکمل طور پر تیار اور محفوظ ہیں۔