استنبول: ترکی میں منعقدہ بین الاقوامی ٹیکنالوجی میلے “ٹیکنو فیسٹ 2025ء” میں پاکستانی طالبات نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ لاہور کے ڈریم گارڈن کیمپس کی طالبات عاصمہ فاطمہ اور انائیہ خان نے ایرو اسپیس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور جدید ایجادات کے شعبے میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکڑوں بین الاقوامی شرکاء کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اس تاریخی کامیابی پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے خصوصی تقریب میں پاکستانی طالبات سے ملاقات کی اور انہیں ایوارڈ سے نوازا۔ تقریب کے دوران پاکستانی طالبات نے جوش و خروش سے قومی پرچم لہرایا اور “پاکستان زندہ باد” اور “پاک ترکی دوستی پائندہ باد” کے نعرے لگائے۔ یہ پہلا موقع تھا جب پاکستانی طالبات کو ترکی کے صدر سے براہ راست ایوارڈ وصول کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز کی ان طالبات کی کامیابی نے نہ صرف ادارے بلکہ پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ وفد کی قیادت کرنے والی گوہر خورشید نے اس موقع پر کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں بالخصوص طالبات کی لگن، محنت اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
طالبات نے اپنی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے وطن عزیز کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ صرف ان کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کی خواتین کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز دنیا کے 53 ممالک میں تعلیمی خدمات فراہم کر رہا ہے، جبکہ پاکستان میں اس کی 25 شاخوں میں تقریباً 13 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی طالبات کو مناسب مواقع ملنے پر وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔