اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی استحکام دلانے اور قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ریونیو میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔ ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ادارے کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع ہو چکا ہے، تاہم اس راستے میں کئی چیلنجز درپیش ہیں جنہیں دور کرنا ناگزیر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے محنت اور دیانتداری کے ساتھ ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر عدالتوں میں زیر التوا کھربوں روپے مالیت کے ٹیکس کیسز کا فیصلہ ہو جائے تو قومی خزانے میں خطیر رقم جمع ہو سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف دو ہائی کورٹ کے اسٹے آرڈرز کے خاتمے سے اربوں روپے خزانے میں واپس آئے، ایسے ہی اگر مزید کیسز حل کیے جائیں تو معیشت کو زبردست سہارا مل سکتا ہے۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ٹیکس محصولات میں 27 فیصد اضافہ قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے تو قومی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ناگزیر ہے، ورنہ قرضوں کا بوجھ بڑھتا ہی چلا جائے گا اور پاکستان آئی ایم ایف جیسے مالیاتی اداروں پر انحصار ختم نہیں کر سکے گا۔
اس موقع پر وزیرِاعظم کو ایف بی آر میں متعارف کرائے گئے جدید سسٹمز، جیسے پرال، ڈیجیٹل انوائسنگ اور پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ایف بی آر کو نادرا، بینکنگ اور دیگر اداروں سے ڈیٹا حاصل ہو رہا ہے، جس سے ٹیکس نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔
مزید یہ بھی بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکس گوشواروں کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے اور نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت 35 سے زائد کمپنیاں بھی ٹیکس نیٹ میں شامل ہو چکی ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے ایف بی آر کے افسران کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے متعارف کرائے گئے خودکار اور ڈیجیٹل نظام کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ یہ سسٹم شفافیت کے اصولوں کے مطابق افسران کی کارکردگی کا جائزہ لے گا اور اچھے کام کرنے والے افسران کو ترقی اور مالی فوائد ملیں گے۔
وزیراعظم نے ڈیلیوری یونٹ میں کام کرنے والے افسران کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے اور قومی آمدنی میں اضافے میں اہم کردار ادا کرے گی۔