منگل, مئی 20, 2025

6 ٹیمیں، 0 دباؤ! پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا بھارتی ٹیم پر کرارا وار

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے ملتوی شدہ میچز کی دوبارہ بحالی کا اعلان کرتے ہوئے بھارت کو طنزیہ انداز میں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک ٹوئٹ میں چیئرمین پی سی بی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، ’’لیگ وہیں سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے جہاں رکی تھی، 6 ٹیمیں، 0 خوف۔‘‘ اس بیان میں انہوں نے حالیہ دنوں پاکستان کی جانب سے 6 بھارتی طیارے مار گرائے جانے اور پاکستانی فضائیہ کے کسی طیارے کو نقصان نہ پہنچنے کی طرف اشارہ کیا۔

محسن نقوی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے بقیہ 8 میچز 17 مئی سے 25 مئی کے درمیان منعقد کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک بار پھر کرکٹ کے جذبے اور اس کی خوبصورتی کا جشن منانے جا رہے ہیں، اور تمام ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت تناؤ کے باعث پی ایس ایل کے میچز عارضی طور پر ملتوی کیے گئے تھے۔ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی فضائیہ کے 5 جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا تھا، جن میں رافیل، مگ 29 اور سخوئی ایس یو 30 شامل تھے۔

اس کارروائی کے بعد بھارت کو عالمی سطح پر شدید تنقید اور سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا سامنا کرنا پڑا، خصوصاً تین مہنگے ترین رافیل طیاروں کے زمین بوس ہونے پر دنیا بھر میں بھارت کا خوب مذاق اڑایا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے اسی تناظر میں “6 ٹیمیں، 0 خوف” کا نعرہ پیش کیا گیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب