منگل, مئی 20, 2025

مودی کے دن پورے ہو چکے ہیں، پارلیمنٹ سے گلیوں تک اس کے لیے نفرت کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے اندر اور باہر مودی کے خلاف تنقید کا ایک طوفان اٹھ چکا ہے، اور ان کے دن اب گنے جا چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حتمی فیصلہ بھارتی عوام ہی کریں گے، اور اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے لایا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے ممکنہ مذاکرات کے لیے تین نکات ایجنڈے میں شامل ہوں گے، جن میں سرفہرست مسئلہ دہشتگردی، مسئلہ کشمیر، اور پانی کے وسائل کی تقسیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 25 برسوں سے دہشتگردی کا نشانہ بنا رہا ہے اور بدقسمتی سے اسی پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف واضح موقف اپنایا ہے۔ وزیر اعظم نے کھلے دل سے واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کی تاکہ حقائق سامنے آسکیں، لیکن بھارت مسلسل الزام تراشی کی سیاست کر رہا ہے۔

خواجہ آصف نے بھارت پر دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورکس کے ثبوت نہ صرف پاکستان بلکہ کینیڈا اور امریکہ جیسے ممالک میں بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بین الاقوامی سطح پر دہشتگردی میں ملوث رہا ہے اور یہ شواہد آئندہ مذاکرات میں دنیا کے سامنے رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کشمیر کو پاکستان کا بنیادی مؤقف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دیرینہ تنازع پر بات ہونا ضروری ہے، کیونکہ اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو چھیڑنے کی بھارتی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پانی کے مسئلے کو سیاسی ہتھیار نہیں بننے دیں گے۔

آخر میں خواجہ آصف نے کہا کہ مودی کی مقبولیت اب زوال کا شکار ہو چکی ہے، ان کی تقاریر میں بوکھلاہٹ واضح ہے اور وہ اب بھارتی عوام کی ناراضی کو نہیں چھپا پا رہے۔ “اب عوام فیصلہ سنائیں گے، اور مودی کے اقتدار کا سورج جلد غروب ہوگا،” انہوں نے پُر اعتماد لہجے میں کہا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب