پشاور:خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پنجاب حکومت اور مریم نواز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پنجاب پولیس عدالتی احکامات کو مذاق بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو اتنا ظلم نہیں کرنا چاہیے جو کل خود ان کے لیے ناقابلِ برداشت بن جائے۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت 26ویں آئینی ترمیم کا سہارا لے کر اڈیالہ جیل کے باہر عدلیہ کی آزادی کا جنازہ نکال رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے آئین و قانون کی پامالی کے خلاف کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے عمران خان کی بہنوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات ایک آئینی اور قانونی حق ہے جسے سلب کرنا سراسر غیرقانونی عمل ہے۔ بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان کی بہنوں کو ملاقات سے روکنا توہینِ عدالت کے مترادف ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ملاقات سے روکنے پر بس نہیں کیا گیا بلکہ عمران خان کی بہنوں کو زبردستی حراست میں لے کر ویران مقام پر چھوڑ دیا گیا، جو عدالتی احکامات اور انسانی اقدار کی سراسر توہین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس حد تک حواس باختہ ہو چکی ہے کہ اب عمران خان کی بہنوں سے بھی خوف محسوس کیا جا رہا ہے۔ بیرسٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ کو آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے اس ظلم اور زیادتی کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ قانون کی عملداری برقرار رکھی جا سکے۔