کیا آپ نیند کے دوران خراٹے لیتے ہیں؟ یہ عادت آپ کی صحت پر سنگین اثرات ڈال سکتی ہے اور گھر والوں کی نیند بھی متاثر کرتی ہے، کیونکہ خراٹے لینے والے کے قریب سونا مشکل ہو جاتا ہے۔
اب، ایک انوکھا تکیہ تیار کیا گیا ہے جو خراٹوں کے مسئلے سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ HOOTI نامی کمپنی نے ایک نیا “Next-Generation Anti-Snore” تکیہ متعارف کرایا ہے جو کہ عام تکیے کی طرح دکھائی دیتا ہے، لیکن اس میں ایک خاص ڈیٹیکشن سسٹم موجود ہے جو خراٹوں سے پیدا ہونے والی ارتعاش کو پہچانتا ہے۔
جب ارتعاش کی شناخت ہو جاتی ہے، تو تکیے میں موجود بون کنڈکشن سسٹم سونے والے فرد کے سر کی پوزیشن کو تبدیل کر دیتا ہے تاکہ سانس کی نالی بلا رکاوٹ رہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اب تک اس تکیے سے حاصل ہونے والا 90 فیصد ڈیٹا درست ثابت ہوا ہے۔
تکیے کے سسٹمز ایک ایئر بیگ پر انحصار کرتے ہیں جو صارف کو بیدار کیے بغیر سر کی پوزیشن بدل دیتا ہے۔ اگر آپ اس پوزیشن بدلنے والے فیچر کو پسند نہیں کرتے، تو آپ اسے بند بھی کر سکتے ہیں، اور تکیہ صرف نیند کا ڈیٹا جمع کرے گا۔
کمپنی کو امید ہے کہ جب یہ تکیہ اکتوبر 2024 میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگا، تو یہ دنیا بھر میں خراٹوں کے شکار افراد کی مدد کر سکے گا۔