گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر انہیں ٹریفک پولیس کا اختیار دیا جائے تو وہ شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کو یقینی بنائیں گے، اور اگر کسی کی جان جاتی ہے تو وہ خود اس کے ذمہ دار ہوں گے۔
کراچی میں گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے شہر میں ٹریفک کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ شہر کا دورہ کریں گے اور جو ٹینکرز مقررہ اوقات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر رواں دواں ہوں گے، انہیں ٹریفک پولیس کے حوالے کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر انہیں ٹریفک پولیس کا اختیار مل جائے تو وہ حادثات کی ذمہ داری خود قبول کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اس معاملے پر کام کریں اور غفلت برتنے والوں کو سزا دلوائیں۔
کامران ٹیسوری نے کراچی میں ٹینکر حادثات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک 70 سے زائد شہری ان حادثات کی نذر ہو چکے ہیں، مگر کسی بھی ایس ایچ او کو سزا نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہیوی ٹریفک کو کنٹرول نہ کرنے والے افسران کو بروقت سزا دی جاتی تو یہ صورتحال نہ ہوتی۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ افغانستان سے آنے والے کئی ٹینکرز غیر قانونی طور پر شہر میں داخل ہو رہے ہیں اور حادثات کا سبب بن رہے ہیں، مگر اس کے باوجود ڈی آئی جی ٹریفک اور آئی جی پولیس کہیں نظر نہیں آتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک مینجمنٹ کو موثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔