قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ سے قبل اوپننگ کمبی نیشن سے متعلق سوال پر مختصر مگر دلچسپ جواب دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ فخر زمان کے ساتھ اوپننگ میں کون کھیلے گا؟ اس پر محمد رضوان نے مسکراتے ہوئے کہا، “کنگ کر لے گا”۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جس پر شائقین کرکٹ مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بابر اعظم کے مداحوں میں ان کی بیٹنگ پوزیشن تبدیل کرنے کے معاملے پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ 50 اوورز فارمیٹ میں بابر کا نمبر 3 پر ریکارڈ شاندار رہا ہے، جہاں انہوں نے 60.17 کی اوسط سے 5,416 رنز اسکور کیے ہیں، جبکہ بطور اوپنر انہیں اب تک محدود مواقع ملے ہیں، جن میں انہوں نے صرف دو میچز میں 26 رنز بنائے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم میں اوپننگ کا مسئلہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب صائم ایوب جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہو کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ میڈیکل رپورٹس کے مطابق انہیں مکمل صحتیاب ہونے میں مزید 10 ہفتے لگ سکتے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں مختلف آپشنز زیر غور تھے، جن میں بابر اعظم اور سعود شکیل کا نام بھی شامل تھا۔ سعود شکیل نے پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اوپننگ بھی کی تھی۔
اب دیکھنا یہ ہوگا کہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے میچ میں اوپننگ کی ذمہ داری کس کو سونپی جاتی ہے، اور کیا محمد رضوان کا یہ بیان کسی بڑی تبدیلی کا اشارہ ہے یا محض ایک ہلکا پھلکا تبصرہ؟