اتوار, فروری 9, 2025

ٹرمپ کی کینیڈا پر قبضے کی دھمکی حقیقی خطرہ ہے: جسٹن ٹروڈو

واشنگٹن/اوٹاوا: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی کابینہ اور قریبی ساتھیوں کو متنبہ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا پر قبضے کی دھمکی محض زبانی بیان نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک سنجیدہ مقصد چھپا ہے۔ ٹروڈو کے مطابق، ٹرمپ کی نظریں کینیڈا کی قیمتی معدنیات پر ہیں اور وہ انہیں حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا سکتے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق، ٹروڈو نے یہ بیان ایک خفیہ اجلاس میں دیا، جس سے قبل انہوں نے مقامی صحافیوں کو کمرے سے باہر نکال دیا تھا۔ تاہم، ٹورانٹو اسٹار اور سی بی سی نیوز نے ان کے ریمارکس کی ریکارڈنگ حاصل کر لی، جس کے بعد یہ خبر منظر عام پر آئی۔

رپورٹس کے مطابق، ٹروڈو نے ٹورانٹو میں ہونے والی ایک میٹنگ میں کاروباری شخصیات کو آگاہ کیا کہ امریکا کی موجودہ حکومت کینیڈا کے قدرتی وسائل پر نظریں جمائے ہوئے ہے اور ٹرمپ اسے امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کو اس خطرے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، کیونکہ امریکا بخوبی جانتا ہے کہ ہمارے پاس کتنے اہم معدنی ذخائر موجود ہیں اور وہ انہیں کسی بھی طرح حاصل کرنا چاہتا ہے۔

ٹروڈو کے اس بیان نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی کشیدگی پیدا کر دی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو شمالی امریکا میں ایک نیا سفارتی بحران جنم لے سکتا ہے، جو عالمی سطح پر بھی اثرات مرتب کرے گا۔ تاہم، امریکی حکومت کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب