اتوار, فروری 9, 2025

دہلی الیکشن: 27 سال بعد بی جے پی کی بھاری اکثریت سے کامیابی

نیو دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی، جس کے بعد وہ 27 سال بعد دہلی میں حکومت بنانے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ بی جے پی نے 70 میں سے 47 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی، جبکہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو انتخابات میں شدید دھچکا لگا اور وہ صرف 23 نشستوں تک محدود رہی۔

بی جے پی کی اس کامیابی کو دہلی کی سیاست میں ایک بڑا موڑ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ 2015 سے حکمران عام آدمی پارٹی کو اس بار عوام نے مسترد کردیا۔ انتخابی نتائج کے مطابق، دہلی کے ووٹرز نے عام آدمی پارٹی کو اقتدار سے باہر کرنے کا واضح فیصلہ سنا دیا، جبکہ کانگریس ایک بھی نشست حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

اس شکست کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کے کئی بڑے رہنما بھی اپنی نشستیں ہار گئے، جن میں پارٹی سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال شامل ہیں، جو اپنی روایتی نشست نئی دہلی سے شکست کھا گئے۔ اسی طرح سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا بھی جنگ پورہ سے الیکشن ہار گئے، جبکہ اے اے پی کے دیگر کئی سینئر رہنما بھی اپنی نشستیں نہیں بچا سکے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، اس بار ووٹر ٹرن آؤٹ 60.42 فیصد رہا، جو 2020 کے انتخابات کے مقابلے میں کم تھا۔ بی جے پی کی جیت کو مرکز میں نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں کی حمایت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ عام آدمی پارٹی کی ناکامی پر سیاسی تجزیہ کاروں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب