اتوار, فروری 9, 2025

الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی، نیپرا 12 فروری کو سماعت کرے گا

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں کمی کے لیے وفاقی حکومت کی درخواست پر 12 فروری کو سماعت مقرر کر دی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں چارجنگ اسٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں 23.57 روپے فی یونٹ کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ موجودہ اور مجوزہ ٹیرف کے فرق کو پورا کرنے کے لیے کراس سبسڈی مکینزم اپنایا جائے گا، جبکہ چارجنگ اسٹیشنز پر عائد تمام موجودہ ٹیکسز برقرار رہیں گے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چارجنگ اسٹیشنز پر تمام ایڈجسٹمنٹس کا اطلاق ہوگا اور ان کے لیے منافع کے تعین کا اختیار مارکیٹ کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق، حکومت نے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے 44 فیصد کم رعایتی ٹیرف متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت انہیں 71 روپے فی یونٹ کے بجائے 39.70 روپے فی یونٹ کا نرخ فراہم کیا جائے گا۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروغ کو تقویت ملے گی اور عوام کو کم لاگت میں چارجنگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ پاور ڈویژن کے مطابق، 2030 تک 30 فیصد الیکٹرک گاڑیوں کی شمولیت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور چارجنگ اسٹیشنز کی توسیع جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

یہ فیصلہ نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے بلکہ اس سے ایندھن کے درآمدی اخراجات میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب