اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنے نام سے منسوب سوشل میڈیا پوسٹ کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا ہے، جس میں پاکستان مخالف بیان ان سے منسوب کیا گیا تھا۔ یہ جعلی پوسٹ چند روز قبل وائرل ہوئی تھی، جس نے سرحد کے دونوں طرف عوام کو حیرت میں ڈال دیا۔
ہانیہ عامر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک بیان میرے نام سے منسوب کرکے سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا، جو سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو اس بیان سے میرا کوئی تعلق ہے، نہ میں ایسی باتوں کی حمایت کرتی ہوں، اور نہ ہی یہ میرے نظریات کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت نہایت حساس اور تکلیف دہ ہے، ایسے وقت میں سیاست اور الزام تراشی صرف نفرت کو ہوا دیتی ہے۔ ہمیں ہمدردی، انصاف اور شفاء کی طرف بڑھنا چاہیے۔
ہانیہ عامر نے اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی محبت میرے لیے قیمتی ہے، لہٰذا کسی بھی پوسٹ کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی حقیقت کو ضرور پرکھیں۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک حملے میں 26 بھارتی سیاح ہلاک ہوئے تھے، جس کے فوراً بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا۔ اس واقعے کے بعد بھارت نے پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بلاک کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔