کراچی: پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ ملک دسمبر 2025 میں اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے 16 ممالک کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان کے مطابق عالمی ایونٹ کا آغاز یکم دسمبر سے کراچی میں ہوگا، جبکہ فائنل 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
اب تک پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، امریکہ، کینیڈا، زمبابوے، انگلینڈ، ویلز، سعودی عرب، بنگلہ دیش، نیپال اور ہانگ کانگ نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے، البتہ انگلینڈ اور ویلز کی حتمی منظوری کا انتظار ہے۔
بھارت کی شرکت ان کی حکومت کی طرف سے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) سے مشروط ہے۔ تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم کی متوقع آمد ٹورنامنٹ کو خاص اہمیت دے رہی ہے۔
فواد اعجاز خان نے مزید بتایا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے کئی سابق کرکٹرز جیسے شاہد آفریدی، یونس خان، محمد حفیظ، شعیب ملک اور کامران اکمل بھی ایکشن میں نظر آئیں گے، جس سے شائقین کرکٹ کو یادگار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ کو عالمی سطح پر کئی اعزازات حاصل ہو چکے ہیں، جن میں 2022 میں اوور 60 ورلڈ کپ (برسبین)، 2023 میں اوور 40 گلوبل کپ (کراچی)، اور 2025 میں اوور 50 ورلڈ کپ (کولمبو) میں شاندار کامیابیاں شامل ہیں۔
یہ ایونٹ نہ صرف کرکٹ کے مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگا بلکہ پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی واپسی کا بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔