جمعرات, جولائی 24, 2025

عمران خان کے بیٹے پاکستان آئیں گے، ان کو سیاست کرنے پر کوئی پابندی نہیں! سلمان اکرم راجا

لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی کی سیاسی جدوجہد جاری ہے اور عمران خان کے بیٹوں پر پاکستان آنے یا سیاست میں حصہ لینے پر کوئی قانونی پابندی نہیں۔

انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کا الیکشن پاکستانی آئین پر حملہ تھا، جس کے نتائج قوم کے حقِ رائے دہی پر ڈاکے کے مترادف ہیں۔ اُن کے بقول ریاست اور عوام کے درمیان جو رشتہ ووٹ سے جُڑا ہے، اُسے شدید دھچکا پہنچا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر صرف ایک نمائشی نظام موجود ہے، جبکہ عدلیہ مکمل طور پر آزاد نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی آمرانہ نظام میں نہیں رہتے، لیکن آج عوام کا حق چھینا جا رہا ہے، اور جمہوریت ایک دھوکہ بن چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سمبڑیال ضمنی انتخاب میں بھی منظم دھاندلی ہوئی، جہاں فارم 45 پہلے سے تیار رکھے گئے تھے اور پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی جدوجہد صرف اقتدار کے لیے نہیں بلکہ اصولوں کے دفاع کے لیے ہے، جس میں پوری قوم کو شامل ہونا چاہیے۔

ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پولیس گردی اور ریاستی جبر کی انتہا کر دی گئی۔ کئی پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی واضح دیکھی گئی، یہاں تک کہ ایک امیدوار نے اپنے فوت شدہ والد کے نام پر بھی ووٹ حاصل کر لیے۔

پی ٹی آئی کے ریجنل صدر احمد چٹھا نے الیکشن کمیشن اور حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر نمائندے عوام کے ووٹ سے نہیں آئیں گے تو وہ ان کی خدمت کیسے کریں گے؟ اُن کے مطابق پہلے سے بیلٹ باکس بھرے جا چکے تھے اور سرکاری مشینری کا ناجائز استعمال کیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ نے آخر میں واضح کیا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی اور عوام کے حقوق کا دفاع ہر صورت کیا جائے گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب