بدھ, جولائی 23, 2025

کراچی میں رات سے لے کر اب تک چار مرتبہ زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات سے لے کر اب تک چار مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سب سے تازہ زلزلے کے جھٹکے صبح 10 بج کر 29 منٹ پر ریکارڈ کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 نوٹ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز قائدآباد کے قریب تھا جبکہ زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر بتائی گئی۔

اس سے قبل رات کے وقت پہلا جھٹکا 1 بج کر 12 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کے بعد مزید دو جھٹکے وقفے وقفے سے آئے۔ لانڈھی، ملیر، کورنگی، شاہ فیصل ٹاؤن، مجید کالونی، شیرپاؤ اور اطراف کے علاقوں میں یہ جھٹکے خاص طور پر شدید محسوس کیے گئے۔

جھٹکوں کی شدت اس قدر تھی کہ شہری گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ کئی مقامات پر مساجد سے اذانیں دی گئیں اور لوگ اللہ کے حضور توبہ، استغفار اور دعا میں مصروف ہو گئے۔ بعض علاقوں میں گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جبکہ فضا میں پرندوں کی بے چینی اور شور نمایاں تھا۔

زلزلہ پیما مرکز اور محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ یہ زلزلے معمولی نوعیت کے تھے، تاہم شہریوں میں شدید تشویش اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ کئی افراد اب بھی گھروں سے باہر کھلے مقامات پر موجود ہیں۔

حکام کی جانب سے اب تک کسی جانی نقصان یا بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب