لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم کا اہم ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔
بنگلادیش کے خلاف اس میچ میں حارث نے صرف 46 گیندوں پر 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 7 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 232.60 رہا، جو کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی پاکستانی بلے باز کی جانب سے سنچری کے ساتھ سب سے تیز ترین اسٹرائیک ریٹس میں شمار ہوتا ہے۔
حارث نے اپنی سنچری 45 گیندوں پر مکمل کی، اور وہ پاکستان کی طرف سے تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ اس فہرست میں صرف حسن نواز ان سے آگے ہیں، جنہوں نے رواں سال نیوزی لینڈ کے خلاف 44 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ بابر اعظم کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 122 رنز بنائے تھے، جن کا اسٹرائیک ریٹ 216.07 تھا۔ تاہم محمد حارث نے اپنی برق رفتار اننگز سے یہ سنگِ میل عبور کر لیا۔
اس جاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ حارث کی اس اننگز نے نہ صرف شائقینِ کرکٹ کو محظوظ کیا بلکہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ بُک میں بھی ان کا نام سنہری حروف سے لکھوا دیا۔