امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ اگر دو جوہری طاقتیں آمنے سامنے آتی ہیں تو حالات کس سمت جائیں گے، کچھ کہنا ممکن نہیں۔
امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اُنہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان بھرپور طاقت سے جواب دے گا۔
سفیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری معیشت کی ترقی کا دارومدار امن پر ہے، تاہم ہم عزت و وقار کے ساتھ امن کے قائل ہیں۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کے حوالے سے کوئی ثبوت فراہم نہ کرنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ناکامیوں اور جابرانہ پالیسیوں کا بوجھ پاکستان پر نہ ڈالے۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ فوج کی موجودگی کے باوجود اگر بھارت امن قائم نہیں کر پا رہا تو یہ خود اس کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
بی بی سی نے بھی اپنی رپورٹ میں پہلگام حملے میں بھارتی سکیورٹی کی ناکامی پر سوالات اٹھائے ہیں۔