منگل, جون 3, 2025

پاکستان پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات؛ ترقی یافتہ ممالک اپنے وعدے پورے کریں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کو اپنے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کے جاری منصوبوں کو سراہا اور پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط کرنے کا عہد کیا۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کلائمیٹ فنانسنگ ایک اہم جزو ہے اور ترقی یافتہ ممالک سے یہ توقع کی کہ وہ اپنے وعدے پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ مختلف منصوبوں پر عملدرآمد اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں اہم اقدامات کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول کے لیے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی آواز اور نمائندگی کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مالیاتی فرق کو کم کرنے کے لیے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب