یوٹیوب نے تخلیق کاروں کے لیے آمدنی کے ایک نئے ذریعے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد لائیو اسٹریمز کے دوران مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوب نے “جیولز” نامی ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جو ایک ڈیجیٹل کرنسی کے طور پر کام کرے گا۔
یہ فیچر ناظرین کو موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ لائیو اسٹریم کے دوران اپنے پسندیدہ تخلیق کاروں کو جیولز بطور تحفہ بھیج سکیں۔ یہ نظام ٹک ٹاک کے لائیو گفٹ فیچر اور فیس بک کے انٹرایکٹیو لائیو اسٹریم ماڈلز سے متاثر ہے۔ جیولز کے ذریعے تخلیق کار براہِ راست اپنی تخلیقات سے آمدنی حاصل کر سکیں گے۔
یوٹیوب نے وضاحت کی ہے کہ جیولز کے نظام میں 1 روبی کی قیمت 1 امریکی سینٹ کے برابر ہوگی، جبکہ 100 روبی 1 ڈالر کے مساوی ہوں گے۔ مزید یہ کہ اگلے تین ماہ تک تخلیق کار جیولز سے ہونے والی آمدنی پر 50 فیصد اضافی بونس بھی حاصل کر سکیں گے۔
یہ فیچر اس وقت صرف امریکی صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم جلد ہی اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ فی الحال، یہ سہولت صرف موبائل ایپ کے ذریعے استعمال کی جا سکے گی اور تخلیق کاروں کو جیولز کے تحائف حاصل کرنے کے لیے یوٹیوب پر لائیو اسٹریم کرنا ضروری ہوگا۔
یوٹیوب کا یہ اقدام تخلیق کاروں کے لیے ایک بڑا موقع ہے، کیونکہ یہ نہ صرف ان کی آمدنی بڑھانے کا ذریعہ بنے گا بلکہ تخلیقی صنعت میں نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔