پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کے سامنے عام انتخابات 2024 اور 26ویں آئینی ترمیم کا معاملہ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ وہ آئی ایم ایف وفد کی جوڈیشل کمیشن سے ملاقات کے دوران اپنا مؤقف پیش کریں گے اور انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں سمیت تمام معاملات ان کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے باعث پیدا ہونے والے مسائل بھی وفد کو تفصیل سے بتائے جائیں گے تاکہ عالمی ادارے کو ملک میں ہونے والی سیاسی اور انتخابی صورتحال کا مکمل ادراک ہو۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا خصوصی چھ رکنی وفد سپریم کورٹ پہنچ چکا ہے، جہاں وہ چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کرے گا۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں چیف جسٹس آئی ایم ایف وفد کو پاکستان کے عدالتی نظام اور اس میں مجوزہ اصلاحات پر بریفنگ دیں گے۔
عمر ایوب کی جانب سے عام انتخابات اور 26ویں ترمیم کا معاملہ آئی ایم ایف کے سامنے رکھنے کے اعلان کو سیاسی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ عالمی ادارے کو اصل حقائق سے آگاہ کریں گے تاکہ پاکستان میں جمہوری عمل اور آئینی معاملات پر بین الاقوامی برادری کی نظر رہے۔