راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کو پیش کرنے کے لیے ایک تفصیلی ڈوزئیر تیار کرلیا گیا ہے، جس میں گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پی ٹی آئی پر ہونے والے مظالم کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے بتایا کہ پارٹی قیادت نے آئی ایم ایف وفد سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور جوڈیشل کمیشن کے ارکان کو آئی ایم ایف وفد سے بات چیت کی اجازت دے دی ہے۔ فیصل چوہدری کے مطابق اپوزیشن لیڈر آئی ایم ایف وفد سے ملاقات بھی کریں گے اور انہیں پی ٹی آئی کے خلاف ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تیار کردہ ڈوزئیر مکمل طور پر حقائق پر مبنی ہے اور اس میں واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ ڈھائی برس میں پی ٹی آئی کے خلاف کیا کارروائیاں کی گئیں۔ فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نے اس ڈوزیئر کو عالمی سطح پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
عمران خان سے وکلا اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 26 ویں آئینی ترمیم کو عدالتی نظام پر حملہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرری میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے وکلا برادری کو متحرک ہونا چاہیے۔
فیصل چوہدری کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی مفادات کے برعکس فیصلے کر رہی ہے اور ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ختم کی جا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں پر توجہ دینے کے بجائے ایجنسیاں پی ٹی آئی کے خلاف سرگرم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو جیل میں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور ان کے ٹرائل کو کنٹرولڈ ماحول میں چلایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اوپن کورٹ میں پیش کیا جائے اور ٹرائل شفاف طریقے سے کیا جائے۔
اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے فیصل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات معطل کر چکی ہے، تاہم اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہے اور گرینڈ اپوزیشن الائنس کی تشکیل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی کرپشن کے مقدمات ختم کروا لیے اور این آر او حاصل کیا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واحد صوبہ ہے جو مالی لحاظ سے مستحکم ہے اور اس پر کوئی قرض نہیں، تاہم یہاں دہشت گردی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی حمایت سے مضبوط کھڑی ہے اور جلد سیاسی منظرنامہ واضح ہو جائے گا۔