منگل, فروری 11, 2025

لیبیا کشتی حادثہ: 7 پاکستانی جاں بحق، مزید افراد کی شناخت جاری

اسلام آباد: لیبیا میں ایک اور المناک کشتی حادثے میں 16 پاکستانیوں میں سے 7 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تقریباً 65 تارکینِ وطن کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام پاکستانیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جن میں 6 افراد ضلع کرم اور 1 فرد باجوڑ سے تعلق رکھتا ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق پاکستانیوں کی شناخت ان کے پاسپورٹ سے کی گئی ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات میں حادثے میں 16 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی تھی، تاہم مزید تحقیقات اور تصدیقی عمل جاری ہے۔

دوسری جانب، ترجمان دفترِ خارجہ نے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں بتایا کہ طرابلس میں موجود پاکستانی سفارت خانے نے اطلاع دی ہے کہ 65 افراد کو لے جانے والا یہ بحری جہاز لیبیا کے زاویہ شہر کے شمال مغرب میں مارسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی سفارت خانے کی ایک خصوصی ٹیم کو فوری طور پر زاویہ اسپتال روانہ کیا گیا تاکہ مرنے والوں کی شناخت میں مقامی حکام کی مدد کی جا سکے۔ سفارت خانہ لاپتا اور زخمی افراد سے متعلق معلومات اکٹھی کر رہا ہے اور پاکستانی متاثرین کے اہل خانہ سے بھی رابطے میں ہے۔

یہ حادثہ غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کے لیے ایک اور بڑا سانحہ ثابت ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کی شناخت اور ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب