منگل, فروری 11, 2025

وزیراعظم شہباز شریف کی صدر یو اے ای سے ملاقات، آرمی چیف بھی شریک

ابوظہبی میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔ دبئی میں منعقد ہونے والا یہ عالمی سربراہی اجلاس “شیپنگ فیوچر گورنمنٹس” کے عنوان سے شروع ہو چکا ہے، جس میں عالمی سطح پر حکمرانی کے جدید رجحانات اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

ابوظہبی کے قصر الشاطی میں ہونے والی ملاقات کے دوران، وزیراعظم اور یو اے ای کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان موجود اشتراک کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی مفادات کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔

اس دوران، عالمی تبدیلیوں سے نمٹنے اور مستقبل کی ترقی کے لیے گورننس کے جدید طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

مزید برآں، ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے دو ریاستی حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر جاری امن کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب