راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے آئندہ ہفتے آرمی چیف کو ایک اور کھلا خط لکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے صوابی جلسے میں عوام کے جذبے کو سراہا ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مطابق آزادی کی جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی اور 26 نومبر کو نہتے عوام پر گولیاں برسائی گئیں، جسے تاریخ یاد رکھے گی۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے پنجاب اور سندھ کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے ان کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ اپنی ترسیلات زر “چوروں” کو نہ بھیجیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ماضی میں اسٹیبلشمنٹ خود ہی نواز شریف اور آصف زرداری کی کرپشن کی فائلیں فراہم کرتی رہی ہے۔ عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں۔
اپنے کیسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ تمام مقدمات کا سامنا انہی ججز کے سامنے کریں گے اور کسی قسم کی ڈیل قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آرمی چیف کو خط کسی ڈیل کے لیے نہیں بلکہ حقائق واضح کرنے کے لیے لکھا تھا کیونکہ ان کے مطابق فوج اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم اور فوج کو متحد ہونا ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ ہفتے آرمی چیف کو ایک اور خط لکھنے جا رہے ہیں، جس میں اہم امور پر بات کی جائے گی۔