منگل, فروری 11, 2025

کرم کے لیے ہنگامی طبی امداد روانہ، ہیلی کاپٹر سروس جاری

خیبرپختونخوا حکومت نے اپر کرم میں طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایمرجنسی ادویات کی ایک اور کھیپ روانہ کر دی ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر سروس بھی بدستور جاری ہے۔

صوبائی مشیر صحت احتشام خان کے مطابق، حکومت نے 500 کلوگرام وزنی ایمرجنسی ادویات MI-17 ہیلی کاپٹر کے ذریعے اپر کرم پہنچانے کا انتظام کیا ہے۔ یہ تمام ادویات ایم ایس پاراچنار کے حوالے کی جائیں گی تاکہ مقامی اسپتالوں میں ضروری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ امداد مختلف این جی اوز اور خیراتی اداروں کی جانب سے عطیہ کی گئی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے تاحال نہ کوئی امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے اور نہ ہی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

وفاقی حکومت کی عدم توجہی پر تنقید کرتے ہوئے احتشام خان نے کہا، “ریاست ماں جیسی ہوتی ہے” کہنے والے آج کہاں ہیں؟ ضلع کرم کے عوام اب بھی وفاقی حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ کب مدد پہنچے گی، لیکن تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب، مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرم کے لیے جاری ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے اب تک 230 سے زائد افراد کو مختلف علاقوں میں منتقل کیا جا چکا ہے اور مزید پروازیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، طبی کیمپوں میں اب تک 1200 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔

انتظامیہ نے مزید بتایا کہ کرم میں قیامِ امن کے لیے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مقامی مشران کے ساتھ جرگہ منعقد کیا جائے گا تاکہ علاقے کو اسلحے سے پاک کرنے کے اقدامات پر اتفاق کیا جا سکے۔

علاوہ ازیں، کرم کے علاقوں پیواڑ اور بالش خیل میں قائم بنکرز کی مسماری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی بحالی ممکن بنائی جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب