طرابلس: لیبیا کے ساحل کے قریب ایک اور افسوسناک کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں سمیت درجنوں افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، طرابلس میں پاکستانی سفارت خانے کو اطلاع ملی ہے کہ تقریباً 65 مسافروں کو لے جانے والی ایک کشتی لیبیا کے شہر زاوِیہ کے شمال مغرب میں واقع مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹ گئی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹیم زاوِیہ کے اسپتال روانہ کر دی ہے تاکہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر جاں بحق افراد کی شناخت میں مدد کی جا سکے۔ مزید پاکستانی متاثرین کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزارت خارجہ کے کرائسس مینجمنٹ یونٹ کو صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ افراد یا ان کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانہ طرابلس اور وزارت خارجہ اسلام آباد کے ہنگامی رابطہ نمبرز جاری کر دیے گئے ہیں، جہاں کسی بھی قسم کی معلومات یا مدد کے لیے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
:ہنگامی رابطہ نمبرز
پاکستانی سفارت خانہ طرابلس:
03052185882 (واٹس ایپ)
+218913870577 (موبائل)
+218 91-6425435 (واٹس ایپ)
کرائسس مینجمنٹ یونٹ، وزارت خارجہ، اسلام آباد:
051-9207887
📧 cmu1@mofa.gov.pk