ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز نے ایک حالیہ انٹرویو میں ایسا انکشاف کیا ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ اپنی نئی فلم ’مشن امپاسبل: دی فائنل ریکننگ‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ کئی بار بے ہوش ہو گئے، اور اس کی وجہ انتہائی خطرناک اسٹنٹس تھے۔
ٹام کروز، جو اپنے اسٹنٹس خود کرنے کے لیے مشہور ہیں، نے بتایا کہ ایک سین میں انہیں 10 ہزار فٹ کی بلندی پر ایک طیارے سے لٹکنا تھا، جہاں تیز ہوا کے دباؤ نے انہیں سانس لینے میں دشواری پیدا کر دی۔ فلم کے ٹیزر میں بھی یہ سنسنی خیز لمحہ دکھایا گیا ہے، جس میں وہ جہاز کے دروازے سے باہر لٹکتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
اداکار کے مطابق، 120 سے 130 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا نے ان کے چہرے پر شدید دباؤ ڈالا، جس کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں مشکلات پیش آئیں اور وہ متعدد بار بے ہوش ہوگئے۔ اس چیلنج کو عبور کرنے کے لیے انہوں نے خصوصی تربیت لی تاکہ آکسیجن کی کمی کو برداشت کر سکیں۔
ہدایتکار کرسٹوفر مک کوئری نے بھی فلم میں شامل خطرناک اسٹنٹس کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ ٹام کروز کے کیریئر کے سب سے مشکل اور حیران کن اسٹنٹس میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ”اس فلم میں کچھ ایسے مناظر ہیں جو دیکھنے والوں کو دنگ کر دیں گے، اور ٹام نے ہر بار اپنی پچھلی کارکردگی کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کی۔”
یہ پہلا موقع نہیں جب ٹام کروز نے اپنی حدوں کو آزمایا ہو۔ اس سے قبل وہ ایک فلم میں ہوائی جہاز کے دروازے سے لٹک چکے ہیں، ٹخنہ ٹوٹنے کے باوجود اسٹنٹس مکمل کر چکے ہیں، اور سینکڑوں اسکائی ڈائیو بھی کر چکے ہیں۔
مداحوں کو ’مشن امپاسبل‘ سیریز کی اس آخری فلم کا بے صبری سے انتظار ہے، جو رواں سال مئی میں سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔