منگل, فروری 11, 2025

مریخ کے جنوبی حصے پر نظر آنے والے سیاہ دھبے دراصل کیا ہیں؟

ناسا نے حال ہی میں ایک حیرت انگیز تصویر جاری کی ہے جس میں مریخ کے جنوبی قطب کے قریب کاربن ڈائی آکسائیڈ گیزر کے پھٹنے کا نایاب اور دلکش منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ قدرتی عمل مریخ کی مخصوص موسمی تبدیلیوں کے باعث وقوع پذیر ہوتا ہے اور سائنسی برادری کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، مریخ کے قطبی علاقوں میں سردیوں کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ برف کی تہہ کی صورت میں جم جاتی ہے۔ جب موسم بہار آتا ہے تو درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے باعث یہ برف براہ راست گیس میں تبدیل ہو کر سطح میں موجود دراڑوں سے دھول اور بخارات کے ساتھ خارج ہوتی ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں مریخ کی سطح پر سیاہ جالے جیسی ساختیں ابھرتی ہیں، جنہیں سائنسی برادری “مارشین مکڑیاں” (Martian Spiders) کے نام سے جانتی ہے۔

یہ منفرد سیاہ دھبے نہ صرف مریخ کی سطح کی پیچیدگیوں کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ اس سیارے کے موسمیاتی نظام کو سمجھنے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔ ناسا کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ تصویری شواہد مریخ پر موسمیاتی سرگرمیوں کی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالتے ہیں اور مستقبل میں سرخ سیارے پر تحقیق کے لیے نئی راہیں ہموار کر سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تصویر اصل میں 2018 میں ناسا کے Mars Reconnaissance Orbiter (MRO) نے لی تھی، تاہم حالیہ ریلیز کے بعد اس نے ایک بار پھر ماہرین اور خلائی تحقیق میں دلچسپی رکھنے والے افراد کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اس حیرت انگیز تصویر نے مریخ کی پوشیدہ رازوں سے بھرپور دنیا کو ایک بار پھر سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے، جہاں ہر دریافت ایک نئے راز کی کڑی ثابت ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب