منگل, فروری 11, 2025

پاکستان چین کےساتھ مل کر پائیدار ترقی کے منصوبوں پر کام کریگا: صدرِ مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بیجنگ ٹرانسپورٹ فورم 2024ء سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے، اور اس ضمن میں خواتین کے لیے خصوصی پنک بسوں کا آغاز ایک اہم قدم ہے۔

صدر مملکت نے دیہی علاقوں میں سڑکوں کی بہتر رسائی کو ترقی کا ایک بڑا سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ رسائی پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور دیہی علاقوں کو بہتر بنیادی خدمات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران سیلاب، بارشوں اور موسمی حالات نے پاکستانی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس سے ترقیاتی کاموں میں مشکلات پیش آئی ہیں۔

صدر زرداری نے چین کی عالمی اور علاقائی معاشی ترقی میں اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون کی حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین مل کر پائیدار ترقی کے فروغ میں مزید اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، خاص طور پر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں، جہاں مؤثر اور ماحول دوست منصوبے ناگزیر ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب