منگل, فروری 11, 2025

لیڈی ڈاکٹر کے قتل پر بی جے پی کی ریاست گیر ہڑتال، مغربی بنگال میں کشیدگی بڑھ گئی۔

کلکتہ کے آر جی کار اسپتال میں زیادتی کے بعد لیڈی ڈاکٹر کے قتل اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف احتجاج پر پولیس کے تشدد کے خلاف بی جے پی کی جانب سے آج ریاست مغربی بنگال میں “بنگلا بند” ہڑتال کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بی جے پی نے ریاست کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے طلبہ پر پولیس کے تشدد کے خلاف آج صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

بی جے پی کے ریاستی صدر اور یونین وزیر سکانتا مجمدار نے مغربی بنگال کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آر جی کار اسپتال کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لانا ممتا بنرجی کی ظالمانہ حکومت کی عکاسی کرتا ہے اور اس کے خلاف “بنگلا بند” ہڑتال ضروری ہے۔

مغربی بنگال کے اپوزیشن لیڈر سویندرا ادھیکاری نے بھی پولیس کے مظاہرین پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر حملہ کیا۔

دوسری جانب، مغربی بنگال کی ترنمول کانگریس حکومت نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ لیڈی ڈاکٹر کے سفاکانہ قتل کو بہانہ بنا کر ریاست میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ترنمول کانگریس کے رہنما کونال گھوش نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے “بنگلا بند” کی کال ان کے ریاست میں انتشار پھیلانے کے ارادوں کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغربی بنگال میں ٹرانسپورٹ سروس، بازار، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز کھلے رہیں گے اور سرکاری ملازمین کو بھی معمول کے مطابق دفاتر آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 9 اگست کو کلکتہ کے آر جی کار اسپتال میں 31 سالہ لیڈی ٹرینی ڈاکٹر کو پولیس رضا کار سنجے رائے نے جنسی زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب