خیبرپختونخوا میں وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان کو ہٹانے کے معاملے پر پی ٹی آئی میں شدید اختلافات اُبھر آئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما عاطف خان اور جنید اکبر شکیل خان کے حق میں بول پڑے ہیں۔ سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے کہا کہ شکیل خان نے 10 سال کابینہ میں رہ کر انتہائی ایمانداری کا مظاہرہ کیا، اور وہ آج بھی سب سے ایماندار وزیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شکیل خان نے جیل میں بانی پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا کی کابینہ میں کرپشن کی نشاندہی کی تھی، اور ان کے خلاف سازش کی گئی ہے جس کے کرداروں کو وقت آنے پر بے نقاب کیا جائے گا۔
رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے بھی شکیل خان کی ایمانداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شکیل خان کے پاس آج تک ذاتی گاڑی نہیں ہے اور وہ اپنے سیکیورٹی گارڈز اور پی ایس کا مقروض ہے۔ انہوں نے چوری کے الزامات کے طریقہ کار سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اگر شکیل خان چور ہوتا تو وہ کبھی بانی پی ٹی آئی کے پاس جا کر شکایت نہ کرتا۔ جنید اکبر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ خود ایمانداری کا ڈرامہ نہیں کرتے اور دوستوں کی کرپشن پر پردہ نہیں ڈالتے۔