دبئی: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کو شاندار قرار دیتے ہوئے پاکستان میں آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحات کے لیے ان کے عزم کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔
کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے فیصلہ کن اقدامات کی بھی حمایت کی۔
یہ ملاقات گزشتہ روز دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025ء کے موقع پر ہوئی، جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرام، حکومتی اصلاحات اور ان کے نتیجے میں حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، ملاقات میں پاکستان میں اقتصادی اصلاحات، مالی نظم و ضبط، اور معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ آئی ایم ایف سربراہ نے پاکستان میں جاری پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں معاشی بہتری کے لیے درست سمت میں پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی مسلسل حمایت پر کرسٹالینا جارجیوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی اور مالی استحکام کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا رہے گا۔ انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ مزید مضبوط تعاون کی امید بھی ظاہر کی۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے مختلف مالیاتی اصلاحات پر عمل درآمد کر رہا ہے، اور آئی ایم ایف کی حمایت اس سلسلے میں اہم سمجھی جا رہی ہے۔