لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچا کر تعلیم، ترقی اور مثبت سوچ کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے انتہا پسندانہ تشدد کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں ہر قسم کے تشدد، انتہا پسند رویوں اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور امن کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ حکومت ہر سطح پر انتہا پسندی اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کرے گی اور ملک میں شدت پسند نظریات کے فروغ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس کے استحکام کے لیے ہر شہری کو رواداری اور ہم آہنگی کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سماجی ہم آہنگی، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جو محبت، یکجہتی اور امن پر قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک محفوظ، ترقی یافتہ اور پرامن پنجاب بنانا حکومت کا عزم ہے جو دنیا کے لیے امن کی مثال ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے شہریوں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ انتہا پسندانہ سوچ کے خلاف متحد ہو کر کام کریں اور نوجوان نسل کو تشدد کے بجائے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔