سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے تین قومی اسمبلی کے اراکین کی بحالی کی درخواستیں منظور کر لیں۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 154، این اے 81 اور این اے 79 کے مختلف پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ گنتی کی درخواستوں پر سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بارے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ن لیگ کے رہنماؤں کی اپیلیں منظور کر لیں اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے دو ایک کی اکثریت سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا، جبکہ جسٹس عقیل عباسی نے اختلافی رائے دی۔
عدالت نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ن لیگ کے ارکان قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا، عبد الرحمان کانجو اور ذوالفقار احمد کو دوبارہ بحال کر دیا۔