منگل, فروری 11, 2025

پاک بحریہ کی ترکیہ میں ترگیترائز 11 مشقوں میں شرکت

پاک بحریہ ترکیہ میں جاری بین الاقوامی بحری مشقوں “ترگیترائز 11” میں بھرپور شرکت کر رہی ہے۔ مشرقی بحیرۂ روم میں ہونے والی یہ مشقیں سلطنت عثمانیہ کے مشہور ایڈمرل ترگت رئیس کے نام سے منسوب ہیں، جنہوں نے 16ویں صدی میں اپنی بہادری اور جنگی حکمت عملی کے ذریعے بحری تاریخ میں اہم مقام حاصل کیا۔

ان مشقوں میں پاک بحریہ کا نیا آف شور پیٹرول ویسل، پی این ایس یمامہ بھی شامل ہے۔ یہ جہاز دسمبر 2023 میں پاک بحریہ کے بیڑے کا حصہ بنا اور اپنے پہلے بین الاقوامی سفر کے دوران ترکیہ پہنچا۔ مشقوں کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج نے میری ٹائم آپریشنز میں حصہ لیا اور سمندری سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں پر مشقیں کیں۔

پاک بحریہ اور ترک بحریہ نے مشقوں کے دوران ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان مشقوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنا ہے۔

ایڈمرل ترگت رئیس، جن کے نام پر یہ مشقیں رکھی گئی ہیں، 1485 میں ترک شہر کاراتوپراک میں پیدا ہوئے۔ وہ سلطنت عثمانیہ کی بحریہ کے عظیم رہنما تھے اور ان کی مہمات اسپین، فرانس، اٹلی، اور شمالی افریقہ تک محیط تھیں۔ جزیرہ مالٹا کے محاصرے کے دوران شہید ہونے کے بعد ان کے آبائی شہر کو ان کے نام سے موسوم کیا گیا۔

ترگیترائز 11 مشقیں دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کی علامت ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب