منگل, فروری 11, 2025

کراچی: پولیس نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات کی سپلائی کے خلاف 10 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 1231 کلوگرام منشیات برآمد کی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی مالیت 22 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

کراچی میں کورنگی روڈ پر ایک موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 250 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ کراچی کے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرتا تھا۔

لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انسدادِ منشیات فورس نے بحرین جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 40 کیپسول برآمد کیے، جن میں ہیروئن بھری ہوئی تھی۔

اسلام آباد کے قریب ایم ون انٹرچینج پر ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 8.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ سیالکوٹ کے ڈسکہ چوک کے قریب ایک کارروائی میں 3 کلوگرام ہیروئن، 2 کلوگرام آئس، اور 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

اٹک کے برہان ٹول پلازہ کے قریب بھی ایک کارروائی کے دوران 700 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد ملک کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا اور نوجوان نسل کو محفوظ بنانا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب