امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر، جنہوں نے عالمی سیاست اور انسانی حقوق میں نمایاں کردار ادا کیا، 100 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ جمی کارٹر 1 اکتوبر 1924 کو ریاست جارجیا کے شہر پلینز میں پیدا ہوئے اور اپنی ابتدائی زندگی آرچری میں بسر کی۔
انہوں نے 1946 میں امریکی نیول اکیڈمی سے گریجویشن مکمل کیا اور امریکی بحریہ میں خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے آبدوز میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ بحریہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ سیاست کے میدان میں اترے۔ جمی کارٹر نے ریاست جارجیا کی قانون ساز اسمبلی میں نشست جیتی اور 1971 میں گورنر منتخب ہوئے۔
1976 میں انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کے طور پر صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی اور 1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر رہے۔ ان کے دورِ صدارت میں مصر اور اسرائیل کے درمیان تاریخی کیمپ ڈیوڈ معاہدہ ہوا، جس کے تحت مصر نے اسرائیل کو تسلیم کیا اور اسرائیل نے جزیرہ نما سینائی مصر کے حوالے کیا۔
ان کے دور میں ایران میں انقلاب اور تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کے واقعات نے امریکا اور ایران کے تعلقات میں تناؤ پیدا کیا۔ ان واقعات نے ان کی مقبولیت کو متاثر کیا اور 1980 کے انتخابات میں وہ رونالڈ ریگن سے شکست کھا گئے۔
صدارت کے بعد جمی کارٹر نے انسانی حقوق کے فروغ اور امن کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں، جن پر انہیں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔ وہ امریکی صدور میں سب سے طویل عمر پانے والے رہنما تھے اور ان کی زندگی عوامی خدمت کی ایک مثال بنی رہے گی۔