اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے ملاقات کی، جس میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور مختلف شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں شہباز شریف نے عالمی سطح پر جوہری توانائی کے فروغ میں آئی اے ای اے کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جوہری ٹیکنالوجی کو پائیدار ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، جو کئی دہائیوں سے آئی اے ای اے کا فعال رکن ہے، اس تنظیم کے ساتھ مضبوط اور نتیجہ خیز شراکت داری رکھتا ہے۔
ملاقات کے دوران کینسر کے علاج و تشخیص، زراعت، غذائی تحفظ، پانی کے انتظام اور صنعتی ترقی جیسے مختلف شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے کردار پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے آئی اے ای اے کے تعاون سے جوہری توانائی کی پیداوار، طبی سہولیات، صنعتی ترقی اور سماجی و اقتصادی بہتری میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے رافیل گروسی نے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ایجنسی پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی اے ای اے، پاکستان کی جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں مزید پیشرفت کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں فریقین نے مستقبل میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔