بدھ, فروری 12, 2025

مہنگی گاڑیوں کے ٹائر چرانے والا 4 بھائیوں پر مشتمل گینگ گرفتار

لاہور کے ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژن میں مہنگی گاڑیوں کے ٹائر چرانے والا چار بھائیوں پر مشتمل گروہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان رات کی تاریکی میں کار پر گھومتے اور گھروں کے باہر کھڑی لگژری گاڑیوں کے ٹائر جیک کے ذریعے اتار کر انہیں اینٹوں پر کھڑا کر دیتے، پھر فرار ہو جاتے تھے۔

گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت فضیل، مہتشم، غضنفر اور غلام حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے چوری شدہ ٹائر خریدنے والے ڈیلرز کو بھی مختلف شہروں سے گرفتار کرلیا ہے، جن کے ذریعے یہ گروہ کوئٹہ اور پشاور میں چوری شدہ ٹائر فروخت کرتا رہا ہے۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ یہ گروہ چوری شدہ ٹائرز کی فروخت کے لیے آن لائن ایپس کا بھی استعمال کرتا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 39 چوری شدہ ٹائر برآمد کرلیے ہیں جبکہ ان کے خریداروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ گروہ لاہور سے دیگر شہروں میں کارگو کے ذریعے بھی سپلائی کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے اور وہ ڈکیتی کے مقدمات میں بھی اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔ دوران تفتیش، ملزمان نے 40 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب