شام کے نئے رہنما اور ہیئۃ التحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کے سربراہ احمد الشرح المعروف ابو محمد الجولانی سے سعودی اور ترک وفود نے دمشق میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات شام کے صدارتی محل میں ہوئی، جہاں اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران، دونوں وفود نے شام پر عائد عالمی پابندیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ سعودی وفد سے ملاقات کی تفصیلات ابھی تک منظرِ عام پر نہیں آئی ہیں، اور نہ ہی دونوں ممالک کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ تاہم، یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملاقات میں سعودی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے اور مستقبل میں شام کی حکومت کو سعودی حمایت فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسی دوران، ترک وزیرِ خارجہ حاکان فدان نے بھی احمد الشرح سے ملاقات کی اور شام کی تعمیرِ نو میں مدد دینے کے لیے تعاون کا وعدہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ شام پر عائد تمام پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں تاکہ ملک کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکے۔ احمد الشرح نے بھی اس بات پر زور دیا کہ عالمی پابندیاں شام کی ترقی اور استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور انہیں فوری طور پر ختم کرنا ضروری ہے۔
ملاقات میں شام کے نئے آئین کی تشکیل، اقلیتی حقوق کے تحفظ، پناہ گزینوں کے مسائل، اسرائیل کی خلاف ورزیوں اور کردش پیپلز پروٹیکشن یونٹس (وائی پی جی) کے مسئلے پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے شام کے مستقبل کے بارے میں گہرے خدشات اور امیدیں ظاہر کیں، اور عالمی برادری سے اس معاملے میں فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔