بدھ, فروری 12, 2025

اسرائیل کا دمشق پر فضائی حملہ، شامی جشن آزادی میں خوف و ہراس

دمشق: اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں اہم سیکیورٹی اہداف پر اس وقت فضائی حملے کیے جب شامی عوام آزادی کا جشن منا رہے تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق، حملوں میں شامی فوج کے چوتھی ڈویژن ہیڈکوارٹر اور ریڈار بٹالین کو نشانہ بنایا گیا۔ ان فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں دمشق اور دیگر علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ رپورٹس کے مطابق، گزشتہ شب ہزاروں شامی باشندے بشار الاسد کی حکمرانی کے خاتمے کا جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکلے تھے، مگر اسرائیلی بمباری نے خوشیوں کو اداسی میں بدل دیا۔

ترک سفارت خانہ دوبارہ فعال
ترکیہ کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ دمشق میں ترک سفارت خانہ آج سے دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ ایک ایسا شام دیکھنا چاہتا ہے جو دہشت گردی سے پاک ہو اور جہاں تمام اقلیتوں کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے۔

رہائی پانے والا امریکی شہری اردن منتقل
ایک امریکی شہری، ٹریوس ٹمرمین، جو شام میں قید سے رہا ہوا تھا، کو امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اردن منتقل کر دیا گیا۔

عرب لیگ کی مذمتی قرارداد
عرب لیگ نے گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی ہے۔ عرب ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ شام کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر فوری اجلاس بلایا جائے۔

شامی سفیر نے بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو خطوط لکھ کر شام کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب