لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ چین کے دوران لاہور کو پاکستان کا پہلا جدید اسمارٹ سٹی بنانے کے لیے ہواوے کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیا گیا۔
دورے کے چوتھے دن وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شنگھائی کے لونگ گانگ ڈسٹرکٹ میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہواوے کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور نواز شریف آئی ٹی سٹی میں دفتر قائم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے پنجاب میں اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹس کے قیام پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور ہواوے کو صوبے میں ریٹیل آفس اور آفٹر سیل سروس سینٹرز کے قیام کی دعوت دی۔
ہواوے کے گورنمنٹ افیئرز کے صدر وانگ چینگ ڈونگ سے ملاقات میں لاہور کو ماڈرن ڈیجیٹل سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ای کامرس، ایکو سسٹم پروڈکشن، صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر اعلیٰ نے ڈیجیٹل پنجاب کے ویژن کو ہواوے کی مہارت سے عملی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ہواوے پنجاب کی پہلی مکمل اے آئی یونیورسٹی میں مہارت فراہم کرے۔ انہوں نے ہواوے کے تعاون سے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی خواہش ظاہر کی۔
ہواوے کے حکام نے وزیر اعلیٰ کو جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں سیف سٹی پروجیکٹس کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ مریم نواز شریف نے ہواوے کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے پر زور دیا۔