دنیا بھر میں بہت سے لوگ دن میں کم از کم ایک یا دو کپ کافی پیتے ہیں، لیکن حالیہ تحقیق نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کافی کا ذائقہ صرف خوشگوار نہیں بلکہ آپ کی عمر میں اضافے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
پرتگال کی کوئمبرا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، کافی پینے کے نہ صرف جسمانی فوائد ہیں بلکہ یہ طویل اور صحت مند زندگی گزارنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یونیورسٹی کی ٹیم نے یورپ، امریکہ، آسٹریلیا اور ایشیا کے مختلف علاقوں میں کیے گئے 85 مطالعات کا جائزہ لیا، جن میں کافی کے استعمال اور شرح اموات کے درمیان تعلق کو جانچا گیا۔
اس تحقیق کے نتائج کے مطابق، روزانہ تین کپ کافی پینا اوسطاً 1.84 سال تک زندگی کی مدت بڑھا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، باقاعدہ کافی کے استعمال سے نہ صرف صحت میں بہتری آتی ہے بلکہ سنگین بیماریوں سے بچاؤ کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔
کوئمبرا یونیورسٹی کے نیورو سائنسدان روڈریگو نے کہا کہ روایتی طبی مشوروں میں اکثر کافی کے فوائد کو نظر انداز کیا جاتا ہے، مگر ہماری تحقیق نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ کافی صحت مند بڑھاپے کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کافی کا معتدل استعمال عمر بڑھنے کے عمل میں ہونے والی جسمانی کمزوریوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ تحقیق اس بات کا ثبوت ہے کہ کافی پینے کا معمول نہ صرف آپ کے دن کو خوشگوار بناتا ہے بلکہ آپ کی صحت اور زندگی کی مدت میں بھی اضافہ کر سکتا ہے۔