منگل, فروری 11, 2025

پہلے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹی20 میچ میں 11 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کی ٹیم 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 172 رنز تک محدود رہ گئی۔ کپتان محمد رضوان نے 62 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، لیکن اس کے باوجود ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔ پاکستان کے سات کھلاڑی ڈبل فیگرز تک بھی نہیں پہنچ سکے۔

پاکستان کے آغاز میں مشکلات سامنے آئیں، جہاں بابراعظم صفر پر آؤٹ ہو گئے، اور صائم ایوب 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ طیب طاہر نے 18 رنز بنائے، شاہین آفریدی اور عثمان خان نے 9، 9 رنز بنائے، جبکہ عرفان خان اور عباس آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے بولرز نے ابتدائی اوورز میں بہترین کارکردگی دکھائی اور جنوبی افریقہ کے 3 کھلاڑیوں کو صرف 28 رنز پر پویلین واپس بھیجا۔ ریزا ہینڈرکس، میتھیو بریٹزکی، اور رسی ویندرڈوسن جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ڈیوڈ ملر نے 40 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی ٹیم کو بڑی اسکور کی طرف لے جانے کی کوشش کی۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

شاہین آفریدی نے ملر کو باؤنڈری پر کیچ کر کے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، اور اس کے بعد جنوبی افریقہ کی وکٹیں تیزی سے گرنے لگیں۔ جارج لنڈے نے 24 گیندوں پر 48 رنز کی تیز اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 183 رنز تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ لی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ہینرچ کلاسن کی قیادت میں ریزا ہینڈرکس، وین ڈر ڈوسین، ڈیوڈ ملر، اور جارج لنڈے جیسے کھلاڑی شامل تھے۔

پاکستانی ٹیم میں محمد رضوان اور بابر اعظم کی واپسی ہوئی، جبکہ زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے والے کپتان سلمان علی آغا کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب